ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح کیلئے اعلانات خوش آئند: قمرالاسلام

بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح کیلئے اعلانات خوش آئند: قمرالاسلام

Wed, 15 Mar 2017 22:18:59    S.O. News Service

بنگلور:15/ مارچ (ایس او نیوز)سابق ریاستی وزیر وموجودہ رکن اسمبلی ڈاکٹر قمرالاسلام نے ریاستی وزیر اعلیٰ کی طرف سے آج اسمبلی میں پیش کئے گئے بجٹ کو ریاست کی ترقی کا نقیب قرار دیا اور بجٹ میں اقلیتوں کیلئے کئے گئے اعلانات کا پُر جوش استقبال کیا ہے۔ آج یہاں بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے اس بجٹ کے ذریعہ صرف اقلیتوں ہی نہیں بلکہ سماج کے تمام طبقات کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے۔ اقلیتوں کی فلاح کیلئے بجٹ میں اضافہ کرکے اسے 1477 کروڑ روپیوں سے 2750 کروڑ روپئے کرنے کے اقدام کا انہوں نے خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی اقلیت پروری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اقلیتی بہبود انہوں نے انتخابی منشور سے ہٹ کر جن فلاحی اسکیموں کی شروعات کی، ان میں ائمہ اور موذنین کو ہدیہ کی ادائیگی اور بدائی اسکیم شامل میں۔وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ان اسکیموں کو مقبولیت دیتے ہوئے ائمہ اور موذنین کے ہدیہ کی ادائیگی میں اضافہ کیا ہے اور ساتھ ہی بدائی اسکیم کیلئے بھی وافر رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر کے 10075 ائمہ اور موذنین اس ہدیہ اسکیم سے استفادہ کررہے ہیں۔ ہدیہ میں اضافہ کااقدام قابل مبارکباد ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی طرف سے اقلیتی طلباء کی اسکالرشپ کیلئے صد فیصد رقم کے اجراء پر بھی وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہوں نے ہی بحیثیت وزیر اس پہل کو گزشتہ برسوں میں آگے بڑھایا تھا اوراس روایت کو وزیر اعلیٰ نے برقرار رکھا ہے۔ انہیں اس بات کی مسرت ہے کہ ریاست میں 13.18 لاکھ طلباء سرکاری اسکالرشپ حاصل کررہے ہیں،جن میں سے مرکزی حکومت صرف 3.40 لاکھ بچوں کیلئے اسکالرشپ مہیا کراتی ہے۔ باقی بچوں کی اسکالرشپ ریاستی حکومت کے فنڈس سے ادا کی جاتی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیمات کیلئے آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور آئی آئی یس سی میں داخل ہونے والے ہر اقلیتی طالب علم کو 2 لاکھ روپئے دینے کے فیصلہ کابھی خیر مقدم کیا۔
حیدر آباد کرناٹک:  ڈاکٹر قمرالاسلام نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے امسال حیدرآباد و کرناٹک ترقیاتی بورڈ کیلئے 1500 کروڑ روپئے مہیا کرواتے ہوئے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ انہوں نے اس بورڈ کیلئے 5000 کروڑ روپئے مہیا کرانے کا وعدہ کیا تھا، جس میں سے 2500 کروڑ روپئے پہلے ہی مہیا کراچکے ہیں۔ اب تازہ بجٹ میں 1500 کروڑ کی رقم دی ہے۔ انہوں نے گلبرگہ پولیس کمشنریٹ کے قیام کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا۔


Share: